3

نمبر پلیٹس کے اجراء کا عمل شروع ہونے تک بغیر نمبر پلیٹس گاڑیوں اورموٹر سائیکل سواروں کوبلاوجہ تنگ نہ کیا جائے‘عثمان بزدار

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں اجلاس منعقد ہوا ،جس میں محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن کی کارکردگی اور نمبر پلیٹس کے اجراء کے امور میں تاخیر کی وجوہات کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گاڑیوں اورموٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس کی کمی کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے اورمجھے اپنے لوگوں کی مشکلات کا اندازہ ہے ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ جب تک نمبر پلیٹس کے اجراء کا عمل شروع نہیں ہوتا اس وقت تک بغیر نمبر پلیٹس گاڑیوں اورموٹر سائیکل سواروں کوبلاوجہ تنگ نہ کیا جائے اورجس شخص کے پاس محکمہ ایکسائز کی رسید موجود ہو اس سے نمبر پلیٹس کے بارے میں بازپرس نہ کی جائے ۔اس ضمن میں پولیس کو بھی ضروری ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔انہوںنے کہا کہ نمبرپلیٹس کے اجراء میں ہونیوالی تاخیرکی وجوہات کا جلد حل تلاش کر کے تیزی سے اقدامات کیے جائیںتاکہ نمبر پلیٹس کے اجراء کے حوالے سے ہونے والی تاخیر کا ازالہ ہوسکے۔
وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ نمبر پلیٹس کے اجراء کے نظام میں آسانیاں پیدا کی جائیں ۔وزیراعلیٰ نے نظام میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے جامع سفارشات طلب کرلی ہیں۔انہوںنے کہا کہ محکمہ ایکسائزلوگوں کی سہولت کیلئے اپنے کام میں جدت لائے۔جدید ٹیکنالوجی کے زیادہ سے زیادہ استعمال سے محکمہ ایکسائز کونئے تقاضوں سے ہم آہنگ کیاجائے کیونکہ نئے پاکستان میں نئے آئیڈیاز کی ضرورت ہے ۔صوبائی وزیر ایکسائز وٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد،سیکرٹری ایکسائز و ٹیکسیشن،ڈی جی ایکسائز و ٹیکسیشن ،سیکرٹری امپلی مینٹیشن وزیراعلیٰ اورایڈیشنل ڈی جی ایکسائز نے اجلاس میں شرکت کی ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں