36

بار ایسوسی ایشن جلال پور پیر والہ کی کابینہ کا اجلاس صدر بار اسلم خان بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا

بار ایسوسی ایشن جلال پور پیر والہ کی کابینہ کا اجلاس صدر بار اسلم خان بلوچ کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں عید کے روز بستی جعفریں میں فائرنگ کے واقعہ پر گہرے دُکھ کا اظہار کیا گیا جس کے نتیجہ میں 10 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔ اجلاس میں اعلیٰ پولیس حکام سے مطالبہ کیا گیا کہ افسوسناک واقعہ کے ذمہ داران کے خلاف جلد قانونی کاروائی کا عمل مکمل کرتے ہوئے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ مقدمہ کی ایف آئی آر میں نامزد ملزمان میں ممبر بار ایسوسی ایشن سلیم جعفر ایڈووکیٹ کے نام کے حوالے سے شرکائے اجلاس کا کہنا تھا کہ سلیم جعفر ایڈووکیٹ کے لواحقین کے مطابق سلیم جعفر کو ناحق طور پر مقدمہ کے ملزمان میں نامزد کیا گیا ہے اور گذشتہ 20 روز سے سلیم جعفرپولیس کی تحویل میں ہیں لیکن پولیس کو ان کے خلاف کوئی ثبوت نہ ملا ہے اور واقعہ کے مقدمہ کے اندراج کے بعد اعلیٰ پولیس حکام نے واضح کیا تھا کہ تفتیش کے عمل میں جن ملزمان کے خلاف مقدمہ میں ملوث ہونے بارے ٹھوس ثبوت نہیں ملیں گے ان سے کسی قسم کی زیادتی نہیں کی جائے گی، شرکائے اجلاس نے آر پی او، سی پی او ملتان، ایس پی انویسٹی گیشن اور دیگر پولیس حکام سے مطالبہ کیا کہ سلیم جعفر ایڈووکیٹ کے حوالے سے بلاتاخیر دیانتداری سے تفتیش کا عمل مکمل کیا جائے اور ان کو ان کے آئینی و قانونی حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔ کابینہ کے اجلاس میں وکلا چیمبرز کے احاطہ کی سیکورٹی کا معاملہ بھی زیر بحث آیا اور فیصلہ کیا گیا کہ آہنی گیٹ اور چار دیواری کی اُنچائی میں اضافہ کیا جائے گا۔اجلاس میں نظامت کے فرائض جنرل سیکرٹری بار ملک عبداللہ بھٹہ نے سرانجام دئیے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں