5

پاکستان اور چین کا خطے میں قیام امن کیلئے مل کر کام اور روابط کے فروغ پر اتفاق

اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)پاکستان اور چین نے خطے میں قیام امن کیلئے مل کر کام کرنے اور روابط کے فروغ پر اتفاق کیا ہے۔

یہ اتفاق رائے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور چینی وزیر خارجہ وانگ ژی کے مابین ملاقات میں کیا گیا جو وزارتِ خارجہ میں ہوئی، ملاقات میں دو طرفہ تعلقات اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ کا خطے میں قیام امن کیلئے مل کر کام کرنے اور روابط کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کاکہنا تھا کہ چین اور پاکستان کی دوستی دیرینہ مستحکم اور لازوال ہے ،پاک چین دوستی خطے میں امن و استحکام کی ضامن ہے،دونوں ممالک نے ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کا بھرپور ساتھ دیا، چین کے وزیر خارجہ کا دورہ پاکستان اسلئے بھی خاص اہمیت کا حامل ہے کہ ہم تاریخ کے ایک نازک موڑ سے گزر رہے ہیں،بھارت کے یکطرفہ، غیر قانونی اقدامات نے پورے خطے کے امن کو خطرات سے دوچار کر دیا ہے،5 اگست سے ہندوستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں مسلسل کرفیو نافذ کر رکھا ہے اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں عروج پر ہیں،ہمیں خدشہ ہے کہ بھارت ، مقبوضہ کشمیر میں جاری ظلم و ستم سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے کوئی فالس فلیگ آپریشن جیسا ناٹک رچا سکتا ہے،ہندوستان کے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کئے گئے یکطرفہ اقدامات کے بعد اقوام متحدہ سیکورٹی کونسل میں پاکستان کی بھرپور معاونت پر چین کے بے حد ممنون ہیں ،پاکستان نے افغان امن عمل میں، خلوص نیت کے ساتھ، بھرپور مصالحانہ کردار ادا کیا،پاکستان نے دوحہ اور ابو ظہبی میں ہونیوالے امن مذاکرات کی معاونت کی اور ہم سمجھتے ہیں کہ خطے میں قیام امن کیلئے انٹرا افغان مذاکرات انتہائی ضروری ہیں، سی پیک سے ہمارے تعلقات کو مزید تقویت ملی۔ وزیر خارجہ نے پاکستان تشریف لانے پر اپنے چینی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر پاکستان اور چین کے وزرائے خارجہ کی موجودگی میں پاکستان کی طرف سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن کمیشن جبکہ چین کی طرف سے وائس چیئرمین چائینیز انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ کوآپریشن ایجنسی نے مفاہمتی یاداشتوں پر دستخط کئے،اس معاہدے سے چین پاکستان کو ای لرننگ ، اور سمارٹ سکولوں کے قیام میں معاونت فراہم کرے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں