9

قومی ٹی ٹوینٹی ٹورنامنٹ ،سرفراز احمد نے دلبرداشتہ ہو کر کپتانی چھوڑ دی

لاہور (نمائندہ خصوصی)سر ی لنکا کے خلاف ٹی ٹوینٹی سیریز میں شکست کے بعد کپتان سرفراز احمد نے قومی ٹی ٹوینٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں سندھ کی قیادت سے معذرت کر لی ہے ۔

نجی ٹی وی جیونیوز کے مطابق سر ی لنکا کے ہاتھوں شکست کے بعد سرفراز احمد کی کپتانی پر سوالات اٹھائے جارہے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ ہفتے کو فیصل آباد میں ٹورنامنٹ سے قبل ہونے والی پریس کانفرنس میں صحافیوں نے سرفراز احمد سے سخت اور تندوتیز سوالات کیے۔عینی شاہدین کے مطابق صحافیوں نے سرفراز احمد کو شکست کا ذمہ دار قرار دیا۔ پریس کانفرنس میں سوالات سے دلبرداشتہ ہونے والے پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے قومی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ میں سندھ کی قیادت کرنے سے انکار کیا۔ سرفراز احمد نے ٹیم انتظامیہ کو بتایا کہ ٹورنامنٹ میں کپتانی نہیں کرنا چاہتا اور عام کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلوں گا۔

سرفراز احمد عام کھلاڑی کی حیثیت سے بیٹنگ اور وکٹ کیپنگ پر توجہ مرکوز کرنا چاہتے ہیں اور وہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں بھی چوتھے نمبر پر کھیلیں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بدتمیزی سے سرفراز احمد اپ سیٹ تھے اور انہوں نے کپتانی کرنے سے معذرت کر لی۔ سندھ کی ٹیم نے سرفراز احمد کے انکار کے بعد اسد شفیق کو کپتان مقرر کیا ہے۔ خیال رہے کہ قومی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ 13سے 24 اکتوبر تک فیصل آباد میں کھیلا جائے گا جبکہ ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی رنر اپ ٹیم کو 25 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں