4

ورلڈ بیچ گیمز: انعام بٹ نے اپنا میڈل کشمیریوں کے نام کر دیا

لاہور (ویب ڈیسک) اینوک ورلڈ بیچ گیمز میں سونے کا تمغہ جیتنے والے پہلوان انعام بٹ نے اپنا میڈل کشمیری عوام کے نام کر دیا۔ انعام بٹ پہلوان اینوک ورلڈ بیچ گیمز میں سونے کا تمغہ جیت کر جب لاہور ائیرپورٹ پر پہنچے تو ساتھی پہلوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈال کر گولڈ میڈلسٹ کا شاندار استقبال کیا اور انعام بٹ زندہ باد کے نعرے لگائے۔انعام بٹ کا استقبال کرنے لیے خصوصی طور پر ان کے آبائی شہر گوجرنوالا سے بھی ان کے ساتھی پہلوان اور متوالے لاہور پہنچے اور قومی چیمپئن کو پھولوں کے ہار پہنا کر خوش آمدید کہا۔وطن واپسی پر انعام بٹ نے کہا کہ بین الاقوامی سطح پر یہ ان کا چوتھا گولڈ میڈل ہے جس کی خاص بات یہ ہے کہ یہ میڈل ورلڈ بیچ گیمز میں حاصل کیا جہاں پاکستان کی جانب سے نمائندگی کرنے والا میں واحد ایتھلیٹ تھا۔

Embedded video

انعام بٹ نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود میڈل حاصل کرنے میں کامیاب ہو ئے اور اس کی وجہ سب کی جانب سے حوصلہ افزائی ہے، محکمہ واپڈا کے علاوہ پاکستان اسپورٹس بورڈ پنجاب اور میڈیا نے بہت سپورٹ کیا۔قومی پہلوان نے کہا کہ یہ اچھی روایت ہے کہ دوسرے کھیلوں کے کھلاڑی بھی حوصلہ افزائی کے لیے آگے آ رہے ہیں، شعیب ملک اور وہاب ریاض سمیت کئی کرکٹرز نے سوشل میڈیا پر پیغامات بھیجے جس سے بہت حوصلہ ملا۔انعام بٹ نے مزید کہا کہ ایونٹ میں شرکت سے قبل ہی کہا تھا کہ میڈل کشمیری بہن بھائیوں کے نام کروں گا، خوشی ہے کہ میڈل جیتا ہوں جو اب میں کشمیری عوام کے نام کر رہا ہوں جن پر بہت ظلم و ستم ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اب ہدف ساو¿تھ ایشین گیمز ہیں، اس میں کئی پہلوان مختلف کیٹگریز میں حصہ لیں گے لیکن تاحال باقاعدہ کیمپ کا انعقاد نہیں کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ پہلوان وسائل کی کمی کا شکار ہیں کیمپ لگنا چاہیے تاکہ زیادہ سے زیادہ میڈلز جیت سکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں