61

اٹلی کے سرحدی شہر تریستے میں انجمن غلامان مصطفی کی زیر اہتمام عظیم الشان ، فقید المثال ختم نبوت صلی الله علیہ و آلہ و سلم کانفرنس منعقد ہوئی

اٹلی(نمائندہ خصوصی) اٹلی کے سرحدی شہر تریستے میں انجمن غلامان مصطفی کی زیر اہتمام عظیم الشان ، فقید المثال ختم نبوت صلی الله علیہ و آلہ و سلم کانفرنس منعقد ہوئی . پاکستان کی نامور روحانی شخصیت پیر طریقت حضرت علامہ پیر سید محمد یوسف بخاری دامت برکاتہم العالیہ اور نامور مذہبی اسکالر ، مبلغ اسلام علامہ پیر سید حسنات احمد بخاری آف بیلجیئم لوزارا سے قافلے کی صورت میں چوہدری افضال اقبال آف جرمنی ، چوہدری خالد مقصود آف لوزارا ، چوہدری افتخار احمد ، چوہدری شہزاد ، علی رضا اور دیگر افراد کے ساتھ تریستے پہنچے تو ان کا والہانہ استقبال کیا گیا. اور سادات کرام کو پھولوں کے گلدستے پیش کیے گئے اور ہار پہنائے گئے. حمد و نعت کے بعد مبلغ اسلام علامہ پیر سید حسنات احمد بخاری آف بیلجیئم نے ختم نبوت کے موضوع پر ایک مدلل اور پرجوش علمی خطاب فرمایا . آپ کے خطاب کے دوران شرکاء کا جوش و خروش دیدنی تھا. اور مسجد کے درودیوار تاجدار ختم نبوت کے نعروں سے گونج رہے تھے. آپ کے خطاب کے بعد آپ کے والد گرامی پیر طریقت علامہ پیر سید محمد یوسف بخاری نے صدارتی خطبہ ارشاد فرماتے ہوئے بڑی روحانی اور دلوں کو چهوہ لینے والی عشق رسول صلی الله علیہ و آلہ و سلم میں ڈوبی ہوئی گفتگو فرمائی. درودوسلام کے بعد آپ نے اجتماعی دعا فرمائی . اس کانفرنس کو کامیاب بنانے میں ظفر اقبال صدر انجمن غلامان مصطفی تریستے، نامور ثناخوان ماسٹر لیاقت علی چشتی صدر نعت کونسل ، محمد فیاض ، محمد طارق ، راجہ جنید ، مدثر بٹ ، کامی گجر ، سید رضوان شاہ ، عمران منی مارکیٹ ، حمزہ قادری ، عدیل بھائی اور دیگر ساتھیوں نے اہم کردار ادا کیا. بعد میں ماسٹر لیاقت علی چشتی کی رہائش گاہ پر پیران کرام کے اعزاز میں پرتکلف عشائیہ دیا گیا. حضرت صاحب نے ان کے لیے خصوصی دعا فرمائی . بعدازاں کبیر خان کی رہائش گاہ پر سادات کرام دعا کے لیے تشریف لے گئے . یہاں پر ظفر اقبال صاحب نے حضرت پیر سید محمد یوسف بخاری کے دست حق پرست پر آستانہ عالیہ آل رسول کے مرید ہونے کا شرف حاصل کیا اور آپ کی بیعت کر کے آپ کے حلقہ ارادت میں داخل ہو گئے. اس یادگار کانفرنس کو اس علاقہ میں تادیر یاد رکھا جائے گا اور انشاء الله ترویج دین میں اس کے دوررس اثرات مرتب ہوں گے.

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں